ایکواڈور میں زلزلہ، اسّی افراد ہلاک
جنوبی امریکی ساحلی ملک ایکواڈور میں سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر دو سو تیس سے زیادہ ہوگئی ہے-
ایکواڈور کے شمال مشرقی ساحل کے علاقے، زلزلے کے شدید جھٹکے سے لرز اٹھے، جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہوکر سڑکوں پر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس کی شدت سات اعشاریہ آٹھ تھی جبکہ امریکن جیولوجیکل سینٹر کے مطابق ایکوا ڈور میں انیس سو اناسی کے بعد یہ شدید ترین زلزلہ ہے- پیسیفک سونامی مرکز کے مطابق بعض ساحلی علاقوں میں ایک میٹر اونچی سونامی کی لہریں پیدا ہوسکتی ہیں۔
ایکواڈور کے حکام کے مطابق مرنے والوں کی تعداد دو سو تیس سے زیادہ ہوگئی ہے اور ابھی اس میں اضافے کا امکان پایا جاتا ہے۔ جبکہ سیکڑوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں بہت سے شدید طور پر زخمی ہیں-
زلزلے کے نتیجے میں متعدد مکانات گرگئے جبکہ بہت سے علاقوں میں ٹیلی فون سروس اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔ ایکواڈور میں زلزلے کے بعد ہمسایہ ملک پرو کی بحری افواج نے ملک کے کئی علاقوں میں سونامی الرٹ جاری کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو روز میں ایشیائی ملک جاپان میں سات اعشاریہ تین اور سات اعشاریہ صفر کی شدت سے زلزلے آ چکے ہیں، ان زلزلوں میں بھی اکتالیس افراد کی ہلاکت کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔