یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے سے امن کو خطرہ لاحق ہو گا، کیمرون
برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیویڈ کیمرون نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے سے براعظم یورپ میں امن کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر اعظم نے پیر کے روز ایک بیان میں گذشتہ صدیوں کے دوران براعظم یورپ میں وقوع پذیر ہونے والی جنگوں منجملہ پہلی اور دوسری عالمی جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا قیام عمل میں آنے سے اس براعظم کے ملکوں کو ایک دوسرے سے قریب کرنے میں مدد ملی ہے۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ نے جب بھی یورپی یونین سے نکلنے کی کوشش کی تو اسے بھاری تاوان ادا کرنا پڑا۔
کیمرون نے یوکرین اور جارجیا کے حالیہ بحرانوں کا ذکر کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ براعظم یورپ میں جنگ و عدم استحکام کے نتائج سے برطانیہ بھی محفوظ نہیں رہ سکتا۔ برطانوی وزیر اعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئندہ تئیس جون کو برطانیہ میں اس بات کا فیصلہ کرنے کے لئے ریفرینڈم ہو رہا ہے کہ یہ ملک، یورپی یونین میں اپنی رکنیت باقی رکھے یا اس یونین سے نکل جائے۔