لیبیا کے ساحل کے قریب دسیوں تارکین وطن ڈوب گئے
اطالوی کوسٹ گارڈ نے کہا ہے لیبیا کے ساحل کے قریب دسیوں تارکین وطن ڈوب گئے ہیں-
اسکائی نیوز چینل نے جمعرات کو اٹلی کے ساحلی محافظین یا کوسٹ گارڈ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ لیبیا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی الٹ جانے سے کم سے کم اسّی افراد ڈوب گئے ہیں-
یہ تیسری بار ہے جب غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی بحیرہ روم میں لیبیا کے ساحلوں کے قریب غرق ہوئی ہے- بدھ کو بھی اطالوی بحریہ نے پانچ سو باسٹھ تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچا لیا تھا جن کی کشتی الٹ گئی تھی اس حادثے میں باون افراد ہلاک ہوگئے تھے-
اس سے پہلے لیبیائی کوسٹ گارڈ نے اتوار کو تارکین وطن کی ایسی سات کشتیوں کو لیبیا کے ساحلوں کے قریب روک لیا تھا جو سمندر کے راستے یورپ جانا چاہتے تھے-
یورپ کا رخ کرنے والے تارکین وطن کو روکنے پر مبنی یورپی یونین اور ترکی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد اب بیشتر غیر قانونی تارکین وطن یورپ پہنچنے کے لئے اٹلی اور لیبیا کے درمیان سمندری راستے کا استعمال کر رہےہیں -