Jun ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۲ Asia/Tehran
  • لاپتہ مصری طیارے کا ملبہ مل گیا

مصری حکام نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ مہینے لاپتہ ہونے والے مصری مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔

قاہرہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مصری حکام نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ مہینے لاپتہ ہونے والے مصر کی فضائی کمپنی ایجبٹ ایئر کے مسافر بردار طیارے کا ملبہ بحیرہ روم سے مل گیا ہے۔ مصر کا یہ مسافر بردار طیارہ گزشتہ انیس مئی کو پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہوگیا تھا اور عملے کے اراکین سمیت چھیاسٹھ افراد مارے گئے تھے۔ یہ طیارہ معمول کی پرواز کے دوران اچانک گر کر تباہ ہوا تھا۔

خبر رساں ایجنسی اے پی نے رپورٹ دی ہے کہ گہرے سمندر میں تلاش میں مصروف جان لیتہ برج نامی بحری جہاز نے تباہ شدہ اس طیارے کے ملبے کا پتہ لگایا ہے۔ ایجبٹ ایئر کے مطابق طیارے میں تیس مصری، پندرہ فرانسیسی، دو عراقی شہری اور برطانیہ، کویت، سعودی عرب، سوڈان، چاڈ، پرتگال، بیلجیئم، الجزائر اور کینیڈا کا ایک ایک شہری سوار تھا۔

طیارہ گرنے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ حادثے کے بعد گزشتہ ایک مہینے سے مصر، یونان، فرانس، امریکا اور دیگر ممالک کے بحری جہاز اور طیارے ملبے کو تلاش کر رہے تھے۔

ٹیگس