مغربی آسٹریلیا میں مسجد پر انتہا پسندوں کا حملہ
آسٹریلیا میں انتہا پسندوں نے ایک مسجد پر پیٹرول بم سے حملہ کر دیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہمارے نمائندے کے مطابق پرتھ کے نواحی علاقے تھور لائن میں واقع مسجد اور اسلامی کالج کے باہر نامعلوم حملہ آورپیٹرول بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ حملہ کے وقت بڑی تعداد میں لوگ نماز ادا کر رہے تھے۔ حملے میں کسی نمازی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم مسجد کے باہر کھڑی چار گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
پولیس کے مطابق تباہ شدہ گاڑیوں کے قریب کالج سے متصل دیوار پر اسلام مخالف جملے بھی لکھے گئے ہیں۔
مسجد کے منتظم یحیی عبدالابراہیم نے کہا کہ یہاں مسلم برادری کو نفرت انگیز رویوں کا سامنا ہے تاہم وہ جواب میں نفرت اور کسی پر الزام تراشی نہیں کریں گے۔
آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرنبل نے اس واقعے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حملوں کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
آسٹریلیا میں دو ہزار گیارہ میں ہونے والی مردم شماری کے مطابق دو کروڑ چالیس لاکھ کی آبادی میں مسلمانوں کی تعداد تین فیصد تھی، تاہم ایپسس موری کے جائزے کے مطابق آسٹریلیا میں مسلمانوں کی آبادی اٹھارہ فی صد کے لگھ بھگ ہے۔