برسلز اجلاس میں برطانیہ اور جرمنی کے درمیان کشیدگی
جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی درخواست جلد از جلد ان کے پاس پہنچ جائے۔
برسلز میں یورپی یونین کے آخری اجلاس کے دوران برطانوی وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون کی جانب سے برطانیہ کی علیحدگی کے لئے جرمنی کو قصور وار قرار دینے پر جرمن چانسلر نے انتہائی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ برطانیہ کی علیحدگی کی درخواست جلد از جلد یورپی یونین کے عہدیداروں کے ہاتھوں میں پہنچ جائے۔
انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ یورپی اتحاد کے ارکان کو چاہئے کہ برطانیہ کے الگ ہونے کے فیصلے کا ہر صورت احترام کریں۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ برطانیہ جتنا جلد ممکن ہو یورپی یونین چھوڑنے کے اپنے منصوبوں پرعمل کرے۔
قابل ذکر ہے کہ برطانوی وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون نے برسلز اجلاس میں یورپی یونین کے ممالک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور برطانوی عوام کے، یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کی ذمہ داری جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور دیگر رہنماوں پر عائد کر دی۔
ڈیویڈ کیمرون نے کہا کہ جن رہنماوں کو امیگریشن کے لئے اصلاحات کرنا تھیں وہ یہ کام نہیں کر سکے جس کی وجہ سے برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔