Jul ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۸ Asia/Tehran
  • عالمی ذرائع ابلاغ میں عالمی یوم القدس کی ریلیوں کا وسیع پیمانے پر انعکاس

فلسطینی عوام کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت اور اس کے جرائم کی مذمت میں عالمی یوم القدس کی ریلیوں کا عالمی ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر انعکاس ہوا۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مسلمانوں حتی غیر مسلم بیدار ضمیر لوگوں نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کر کے ایک بار پھر صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا-

سی این این، الجزیرہ، فرانس پریس، رویٹرز، شین ہوا، فرانس ٹوئنٹی فور، المنار اور المیادین جیسے ٹیلی ویژن چینل اور مختلف اہم نیوز ایجنسیوں اور ویب سائٹوں نے اپنی الگ الگ رپورٹوں میں ایرانی عوام کی عظیم الشان ریلیوں کی خبریں دیں-

سی این این نے عالمی یوم القدس کی ریلیوں کی تہران سے براہ راست رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ تہران میں نکالی گئی ریلی میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی-

فرانس پریس نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا کہ غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی شہریوں نے جمعہ کو پورے ملک میں فلسطینی عوام کی حمایت میں ریلیاں نکالیں-

صیہونی نیوز ویب سائٹ اسرائیل ٹائمز نے بھی فرانس پریس کے حوالے سے تہران میں نکالی گئی ریلی کی خبر دی- اس صیہونی نیوز ویب سائٹ نے سرخی لگائی ہے کہ ایران نے عالمی یوم القدس کے موقع پر اسرائیل مخالف سالانہ ریلیاں نکالیں-

اسرائیل ٹائمز نے لکھا کہ ریلیوں میں شریک لوگوں نے اسرائیلی پرچم کو نذرآتش کیا اور اسرائیل کی نابودی کے نعرے لگائے-

الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل نے بھی خبر دی ہے کہ تہران میں فلسطینی عوام کی حمایت میں لاکھوں کی تعداد میں ایرانی شہریوں نے پرجوش انداز میں شرکت کی-

الیمادین ٹیلی ویژن چینل کے نمائندے نے بھی تہران سمیت ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں عالمی یوم القدس کی عظیم الشان ریلیوں میں کروڑوں کی تعداد میں روزہ دار مسلمانوں کی وسیع پیمانے پر شرکت کو غیر معمولی قرار دیا-

مصر کی نیوز ویب سائٹ ڈاٹ مصر نے بھی لکھا کہ ایرانی عوام نے ہر سال کی طرح اس سال بھی بڑی بڑی ریلیوں میں شرکت کر کے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا- ڈاٹ مصر نے لکھا کہ مظاہرے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیلی مظالم سے فلسطینی عوام کو نجات دلانے اور بیت المقدس کی آزادی تک فلسطین اور بیت المقدس کے لئے اپنی حمایت جاری رکھیں گے-

چینی خبررساں ایجنسی شین ہوا نے بھی لکھا کہ لاکھوں کی تعداد میں ایرانی شہریوں نے عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت کر کے فلسطینیوں کے لئے اپنی حمایت اور سرزمین فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کی-

ایسوشی ایٹڈ پریس نے بھی خبر دی ہے کہ ایرانی عوام نے پورے ملک میں اسرائیل مخالف ریلیاں نکالیں- رویٹرز اور عرب الیوم جیسی نیوز ایجنسیوں نے بھی عالمی یوم القدس کے موقع پر ایران کے عوام کی شاندار ریلیوں کی خبریں شائع کیں-

 

ٹیگس