نیپال سارک سربراہی اجلاس کے لیے سرگرم
نیپال نے علاقائی تعاون کی تنظیم سارک کے رکن ملکوں کا سربراہی اجلاس بلانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔
نیپال کے وزیر خارجہ پرکاش شرن مہت نے بتایا ہے کہ ان کا ملک سارک سربراہی اجلاس کے جلد از جلد انعقاد کے لیے رکن ملکوں کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ نیپال، سارک سربراہی اجلاس کے انعقاد کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے گا۔
طے شدہ پروگرام کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والا سارک سربراہی اجلاس اس وقت ملتوی کر دیا گیا تھا جب ہندوستان سمیت تنظیم کے بعض رکن ملکوں نے اس میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
سارک کے ضابطے کے مطابق تنظیم کے آٹھ ارکان میں کسی ایک کے شرکت نہ کرنے کی صورت میں سربراہی اجلاس ملتوی کر دیا جاتا ہے۔ کشمیر کے بارے میں ہندوستان اورپاکستان کے درمیاں پیدا ہونے والی کشیدگی کو سارک سربراہی اجلاس کے التوا کی اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔