شام کے بحران کے حل کے لئے ایران کے ساتھ یورپی یونین کے تعاون کا آغاز
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ان کی ملاقات کا مقصد، شام کے مسئلے کےحل کے لئے تہران کے ساتھ یورپی یونین کے تعاون کا آغاز تھا-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ہفتے کے روز اپنے دورۂ ایران کے اختتام پر کہا کہ صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف سے ان کی ملاقات کا محور، محض دوطرفہ ملاقات نہیں تھا بلکہ شام کے بارے میں علاقے کی طاقتوں کے ساتھ مل کر، یورپی یونین اپنے تعاون کا آغاز کرنا چاہتی ہے-
موگرینی نے کہا کہ جنگ بندی کے ذریعے عوام تک انسان دوستانہ امداد پہنچایا جانا اور پھر اقوام متحدہ کی اس سیاسی روش کے ذریعے، جس کا اس وقت یہ عالمی ادارہ جائزہ لے رہا ہے، جنگ کو فوری طورپر ختم کئے جانے کی ضرورت ہے-
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا کہ یورپ علاقے کے دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر اس عمل کو شروع کرنے کے لئے حالات فراہم کرسکتا ہے-
موگرینی نے کہا کہ شام کے قانونی اور سیاسی ڈھانچے کے بارے میں فیصلہ کرنا اس ملک کے عوام کا حق ہے لیکن علاقائی طاقتیں اس عمل میں ان کا ساتھ دے سکتی ہیں-
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے ہفتے کے روز اپنے ایک روزہ دورۂ تہران میں صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات نیز مشترکہ جامع ایکشن پلان اور شام کے بحران کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا -