Nov ۱۱, ۲۰۱۶ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • امریکہ کے موجودہ اور آئندہ کے صدر کے درمیان ملاقات

امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کی ہے۔

 امریکی صدر اوباما اور نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقت جاری رہنے والی ملاقات کے دوران دونوں نے اقتدار کی منتقلی سمیت مختلف امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد امریکی صدراوباما اور نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا  کہ ملاقات میں کچھ حیران کن اور کچھ بہت مشکل معاملات پر گفتگو ہوئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر اوباما سے ملاقات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ہاؤس اسپیکر پال ریان سے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات کیپٹل ہل میں ہوئی۔

واضح رہے کہ پال ریان انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی کڑی تنقید کی زد میں رہے۔ دریں اثنا وائٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنسٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں بارک اوباما کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ جاش ارنسٹ نے کہا کہ صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے بعض مسائل میں اپنے مواقف تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے امریکہ کے موجودہ صدر کسی حد تک متاثر بھی ہوئے ہیں تاہم وہ اپنے اس موقف پر قائم ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ، وائٹ ہاؤس کا اقتدار سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

ٹیگس