نیوزی لینڈ میں شدید زلزلہ، سونامی وارننگ جاری
جنوبی نیوزی لینڈ میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق جنوبی نیوزی لینڈ میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔ادھر امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز نیوزی لینڈ کے جزیرے پر قائم شہر کرائسٹ چرچ سے جنوب میں نوے کلومیٹر دور دس کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔نیوزی لینڈ کی حکومت نے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی۔نیوزی لینڈ کے محکمہ شہری دفاع کا کہنا تھا کہ سونامی شمالی جزیرے کی مشرقی پٹی سے ٹکرا سکتا ہے، جس سے بچنے کیلئے عوام فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔ قابل ذکر ہے کہ رواں سال ستمبر میں نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقے میں سات اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی وجہ سے چھوٹے سونامی نے جنم لیا تھا تاہم اس سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔