پوتن اور ٹرمپ کے درمیان پہلا ٹیلیفونی رابطہ، ساجھیداری پر تاکید
روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے پر تاکید کی ہے۔
کرملین سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ولادیمیر پوتن اور ٹرمپ نے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے ایک دوسرے سے خصوصی ملاقات کے لئے حالات فراہم کرنے اور ٹیلی فونی رابطے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے- ولادیمیر پوتن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور امریکہ کے موجودہ تعلقات کے نہایت نامطلوب و نامناسب ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے ان تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے فعال مشترکہ اقدام کی ضرورت پر تاکید کی -
روس کے صدر نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں برابری، باہمی احترام اور ایک دوسرے کے امور میں مداخلت نہ کرنے کی بنیاد پر امریکہ کی نئی حکومت کے ساتھ ساجھیداری پر آمادگی ظاہر کی- کرملین کے بیان میں اس ٹیلی فونی رابطے میں شام کے تنازعے کو ختم کرنے کی جانب اشارہ کئے جانے کے ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ پوتن اور ٹرمپ نے اپنے دشمن نمبر ایک یعنی عالمی دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مل کر مقابلہ کرنے پر بھی اتفاق کیا کیا-