بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سوڈان میں مظاہرے
بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سوڈان میں جاری مظاہرے شدت اختیار کرگئے۔
خبروں کے مطابق، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں کا دائرہ دارالحکومت خرطوم سے لیکر جنوبی ڈارفور کے علاقے تک پھیل گیا ہے۔ مظاہرین، معاشی کفایت شعاری کی سرکاری پالیسیوں اور اصلاحات کو روکنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مخالفین کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عام لوگوں کی قوت خرید میں کمی ہوئی ہے۔
مظاہروں میں شدت کے پیش نظر پولیس اور سیکورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ پولیس نے مظاہروں کو روکنے لیے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں بھی شروع کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سوڈان کی پولیس نے اب تک سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں سیاسی اور سماجی کارکنوں کے علاوہ، طلبہ، اساتذہ اورصحافی بھی شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق حکومت سوڈان کی ناقص اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو شدید معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔ سوڈان میں بھوک اورغذا کی کمی کا تناسب پہلے ہی خطرے کی حد کو پار کرچکا ہے۔