نیوزی لینڈ کے وزیراعظم اچانک اپنے عہدے سے مستعفی
نیوزی لینڈ کےوزیراعظم "جان کی" نے اچانک اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے لیے سیاست کی دنیا کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق "جان کی" نے آج پیر کے روز اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ اب تک کیا جانے والا میرا سخت ترین فیصلہ ہے اور اب وہ وقت ہے کہ جب مجھے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لینی چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ میں نے اس عہدے اور اپنے ملک کے لیے کہ جس سے میں عشق کرتا ہوں، جو کچھ بھی ہو سکا، انجام دیا ہے لیکن سیاست میں، جو ایک غیرمعمولی پیشہ ہے اس کے باوجود میں نے خود کو کبھی ایک سیاست داں نہیں سمجھا اور میں نہیں چاہتا کہ سیاست میں میری کامیابیوں کو اس عرصے کے ساتھ جانچا جائے کہ جو میں پارلیمنٹ میں گزاروں گا۔
"جان کی" نے اس بات پر زور دیا کہ سیاست داں کی حیثیت سے ان کی ذمہ داریوں کی وجہ سے ان کے خاندان کو نقصان اٹھانا پڑا اور انھوں نے سیاست کی وجہ سے اپنی شریک حیات اور بچوں کے ساتھ زندگی کے بہت سے لمحوں کو کھو دیا ہے۔