ہندوستان: بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار مستعفی، 20 نومبر کو نئی حکومت کی تشکیل
اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی ریاست بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج ریاست کے گورنر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا اور ساتھ ہی نئی حکومت کی تشکیل کا دعویٰ بھی پیش کیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بہار اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کی سرگرمیاں جاری ہیں اور آج وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے موجودہ حکومت کی آخری کابینی میٹنگ کی، جس میں اسمبلی تحلیل کئے جانے کی قرارداد کو منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی موجودہ حکومت کے کابینی اجلاس کے بعد ریاستی گورنر عارف محمد خان کو اپنا استعفیٰ پیش کیا اور ساتھ ہی نئی حکومت بنانے کا دعویٰ بھی پیش کیا۔
آج ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں سینیئر وزرا نے شرکت کی۔ چونکہ یہ موجودہ حکومت کا آخری اجلاس تھا اس لئے شکریہ کی تحریک بھی اجلاس میں پاس کی گئی۔ کابینہ اجلاس میں متفقہ طور پر نتیش کمار کو گورنر سے ملاقات کرنے اور مزید آئینی طریقۂ کار کو مکمل کرنے کا اختیار بھی دیاگیا۔
معینہ طریقۂ کار کے مطابق 19 نومبر کو اسمبلی تحلیل ہوجائے گی اور 20 نومبر کو نئی حکومت کا قیام عمل میں آئے گا۔ حلف برداری کی تقریب پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد ہوگی اور اس کی تیاریاں جاری ہیں۔