تل ابیب میں مظاہرین نے نتنیاہو کا مجسمہ گرا دیا
اسرائیلی مظاہرین نے تل ابیب کے رابین اسکوائر پر نصب صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتنیاہو کے مجسمے کوگرا دیا ہے
پریس ٹی وی نے خبردی ہے کہ مظاہرے میں شریک ایک شخص کا کہنا تھا کہ نتنیاہو جمہوریت کو پامال کررہے ہیں اور طرز حکومت کے لئے ایک نئے ماڈل کی تلاش میں ہیں - انرجی ، اخبارات و جرائد اور اپنی اہلیہ کے مالی اسکینڈل کے بارے میں نتنیاہو کی متنازعہ پالیسیوں پر پورے مقبوضہ علاقے میں مظاہرے جاری ہیں - سیکڑوں اسرائیلیوں نے گذشتہ بارہ نومبرکو بھی حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں اور میڈیا کے خلاف نتنیاہو کے اقدامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے تل ابیب میں مظاہرہ کیا - مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نتنیاہو صحافیوں پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے ٹی وی چینلوں کو بند کرنے کی کوشش کررہے ہیں - تل ابیب سے موصولہ خبروں میں کہا جارہا ہے کہ صیہونی وزیراعظم نے پچھلے ڈیڑھ سال کے دوران حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے اخبارات اور ٹی وی چینلوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے -