چین میں فضائی آلودگی کے باعث شاہراہیں بند اور سیکڑوں پروازیں منسوخ
گزشتہ جمعہ سے چین کے متعدد شہروں کو شدید ترین گردو غبار، دھوئیں اور سموگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور فضائی آلودگی کے باعث 300 کے قریب پروازیں منسوخ اور متعدد شاہراہیں بند کردی گئی ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق چین کے محکمہ موسمیات نے منگل کو ایک رپورٹ جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ فضائی آلودگی کی وجہ سے چین کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں ریڈ، نارنجی اور بلیو الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔
چین کے دارالحکومت بیجینگ میں بھی شدید سموگ کے باعث نارنجی الرٹ جاری کیا گیا ہے مگر چین میں فضائی آلودگی سے بدترین طور پر متاثرہ شہر ملک کے شمال مشرقی حصے میں ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شدید آلودگی کے باعث دو دنوں میں 309 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جس کی وجہ سے سیکڑوں مسافر ایئرپورٹ پر سخت پریشانی کے عالم میں ہیں۔
کچھ اطلاعات کے مطابق چین کے شمالی علاقوں میں محض 50 میٹر تک دیکھا جاسکتا ہے۔
قابل ذکر ہے فضائی آلودگی چین کے شمال مشرقی علاقوں کا اہم ترین مسئلہ رہا ہے جہاں کوئلے کی کانوں سمیت بڑے صنعتی مراکز قائم ہیں۔