صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے بارے میں اوباما کا ایک اور بیان
صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے تعلق سے امریکی ایجنسیوں کی خفیہ رپورٹوں کے سامنے آنے کے بعد بارک اوباما نے کہا ہے کہ روسی حکام نے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کی ہے۔
امریکی صدر بارک اوباما نے اے بی سی، ٹیلی ویژن چینل سے اپنے انٹرویو میں خبر دار کیا ہے کہ جماعتی اختلافات کی وجہ سے امریکہ کی خفیہ ایجنسیوں کی بنیاد کمزور ہو رہی ہے- اوباما نے امریکہ میں سیاسی جماعتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات پر بھی گہری تشویش ظاہر کی- انہوں نے کہا کہ ریپبلکنز، ماہرین اور تجزیہ نگار اپنے امریکی ساتھیوں سے زیادہ سے روسی صدر پوتن پر بھروسہ کرتے ہیں۔ بارک اوباما نے کہا کہ ریپبلکنز صرف اس لئے اپنے ساتھیوں پر اعتماد نہیں کرتے کیونکہ وہ ڈیموکریٹس ہیں- واضح رہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر ٹرمپ نے ملک کی خفیہ ایجنسی کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ روس نے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں سائبر حملوں کے ذریعے مداخلت کی ہے- ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی بھی سائبر حملہ نہیں ہوا ہے- امریکہ کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کا موضوع انتخابی مہم کے دوران دونوں اہم امیدواروں کے درمیان انتہائی متنازعہ بن گیا تھا اور اس کے بعد اوباما انتظامیہ اور روس کے درمیان تعلقات بھی بے حد کشیدہ ہو گئے ہیں- اوباما انتظامیہ نے جہاں روس پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں وہیں روس کے پینتیس سفارتکاروں کو بھی امریکا سے نکال دیا ہے۔