برطانوی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے ساتھ غیر مساوی اور متعصبانہ سلوک کا اعتراف
حکومت برطانیہ نے ملک میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مساوی اور متعصبانہ سلوک روا رکھے جانے کا اعتراف کیا ہے۔
برطانوی حکومت کے محکمہ مساوات کے جاری کردہ بیان میں یہ بات زور دیکر کہی گئی ہے کہ ملک بھر میں کام کی تلاش میں سرگرداں مسلمانوں کو غیر مساوی اور متعصبانہ سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیان میں، کام کی تلاش میں سرگرداں مسلمانوں کے تعلق سے، ایمپلائر حضرات کو مزید آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
سن دوہزار سولہ میں عورتوں اور مساوات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مسلمانوں کو کام کی تلاش اور تنخواہوں کے حوالے سے عدم مساوات اور تعصب کا سامنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک میں آباد مسلمانوں کو کام کی تلاش کے دوران سب سے زیادہ تعصب کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کی تنخواہیں عیسائیوں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے مقابلے میں کم ہوتی ہیں۔
برطانیہ سمیت مغربی ملکوں میں اسلامو فوبیا کے فروغ کے نتیجے میں یورپی مسلم برادری کو لاتعداد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔