کریمیا کے بارے میں روس امریکہ کشیدگی میں اضافہ
روس نے پابندیوں کے خاتمے کے لئے کریمیا کی یوکرین کو واپسی پر مبنی امریکی درخواست کو مسترد کر دیا۔
سی این این کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ نیکی ہیلی نے جمعرات کے روز سلامتی کونسل کے اجلاس میں روسی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک کریمیا کو یوکرین سے ملحق نہیں کیا جائے گا روس کے خلاف پابندیوں کو ختم نہیں کریں گے۔
دوسری جانب میں اقوام متحدہ میں روسی نمائندے ویتالی چورکین نے امریکی نمائندہ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کریمیا کے الحاق کا معیار اس علاقے کے لوگوں کی ووٹنگ کا نتیجہ ہے۔
انھوں نے امریکی نمائندہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کریمیا کے لوگوں نے اپنے ریفرنڈم کے ذریعے اس علاقے کے روس سے الحاق کا فیصلہ دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کریمیا کا علاقہ دو ہزار چودہ میں ایک ریفرنڈم کے نتیجے میں روس سے ملحق ہوا ہے مگر یوکرین اور مغرب نے اس ریفرنڈم کے نتیجے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اس علاقے پر روس کا قبضہ غاصبانہ ہونے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں امریکہ کی نمائندہ کا یہ بیان ایسی صورت میں سامنے آیا ہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے روس سے کریمیا کے الحاق کو ممکنہ طور پر تسلیم کئے جانے کا اعلان کیا تھا۔