امریکہ کے ساتھ روس کے تعلقات میں بہتری کے لئے پوتن کی شرط
روسی صدر نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کا رویہ تبدیل ہونے کی شرط پر ہی امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ماسکو میں اسلووانیہ کے صدر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ جب تک وائٹ ہاؤس کے رویے میں تبدیلی نہیں آئے گی، روس امریکہ تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ برس کے دوران روس امریکہ تعلقات میں کافی کمی آئی ہے اور دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات کے پیش نظر ان تعلقات کو بہتر بنائے جانے کی ضرورت ہے۔
روس کے صدر پوتن نے دو ہزار ایک میں اسلووانیہ کے دارالحکومت لیوبلیانا میں اپنے اور اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے درمیان ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور ٹرمپ کے درمیان بھی اسی شہر میں ملاقات مناسب ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کریمیا کے مسئلے پر روس اور امریکہ کے تعلقات کافی کشیدہ ہو گئے ہیں۔