شمالی کوریا کی جانب سے ایک اور میزائل کا تجربہ
مغرب کی دھمکیوں کے باوجود شمالی کوریا نے بحیرہ جاپان کی طرف ایک اور بلسٹیک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جنوبی کوریا کے چیف آف آرمی اسٹاف نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ شمالی کوریا نے کس قسم کے میزائل کا تجربہ کیا ہے تاہم جنوبی کوریا کی فوج اس مسئلے کا جائزہ لے رہی ہے کہ یہ میزائل، کہیں موسودان قسم کا بلسٹیک میزائل تو نہیں جو تقریبا تین ہزار کلومیٹر دور تک مار کر سکتا ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے نئے سال کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک، بین البراعظمی میزائل کا تجربہ کر سکتا ہے جو اپنی تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔
امریکہ سمیت مغربی ملکوں کو اس بات پر تشویش ہے کہ شمالی کوریا کے یہ میزائل، ایٹمی وار ہیڈزلے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے دو ہزار چھے، دو ہزار نو، دو ہزار تیرہ اور دو ہزار سولہ میں ایٹمی تجربات کئے ہیں جس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے اس کے خلاف پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔