Mar ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کی گوشہ نشینی کا باعث

سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں سے خود امریکی عوام پریشان ہیں اور یہ پالیسیاں امریکہ کو تنہا کر دیں گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدرکو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی اور مسلمانوں کے خلاف تنگ نظری کا رویہ ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے بھی وہ مسلمانوں کے خلاف ریمارکس دیتے رہے ہیں اورحلف اٹھانے کے بعد بھی ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف ایسے معاندانہ اقدامات کر رہے ہیں جنہیں اس کے اپنے لوگ بھی ناپسند کر رہے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ امریکہ میں روزانہ ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل کر ٹرمپ کے خلاف احتجاج کرتے ہیں، ساری انسانیت اللہ کا کنبہ ہے اور انسانیت کا احترام سب پر واجب ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکی صدر کا مسلمانوں کے بارے میں تضحیک آمیز رویہ کسی سے چھپا ہوا نہیں، مذہب اوررنگ و نسل کی بنا پر کسی سے نفرت کی اجازت دنیا کا کوئی قانون بھی نہیں دیتااس لئے انہیں اپنی پالیسیوں اور رویے دونوں کو بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی مسلمانوں کے بارے میں معاندانہ پالیسیوں سے خود امریکہ کے لئے مشکلات بڑھ رہی ہیں اور امریکہ تنہا ہوتا جا رہا ہے۔

 

 

ٹیگس