امریکی انتخابات میں روس کے کردار پر امریکی کانگریس کا اجلاس
امریکی کانگریس، اپنے ملک کے دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے بارے میں اجلاس تشکیل دینے والی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی کانگریس میں انٹیلی جینس کمیٹی کے سربراہ ڈیون نیونز نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں روس کی ممکنہ مداخلت کا جائزہ لینے کے لئے امریکی کانگریس کا اجلاس بیس مارچ کو تشکیل پائے گا۔
انھوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کے اس اجلاس میں بارک اوباما دور حکومت کے انٹیلی جینس حکام سے سوالات بھی پوچے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں امریکہ کی قومی سلامتی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کلیپر، سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جان برینن، قومی سلامتی کے ادارے کے موجودہ ڈائریکٹر مائیک راجرز اور ایف بی آئی کے سربراہ جیمز کومی بھی شریک ہوں گے۔
اس اجلاس میں امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما پر موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس الزام کے بارے میں بھی غور کیا جاسکتا ہے کہ بارک اوباما نے ٹرمپ ٹاور کے ٹیلیفون ٹیپ کروائے تھے۔