Mar ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۰ Asia/Tehran
  • امریکا ایٹمی جنگ کی جانب قدم بڑھا رہا ہے، شمالی کوریا

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ امریکا ایٹمی جنگ کی جانب قدم بڑھا رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمائندے نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی فوجیں شمالی کوریا پر پیشگی حملہ کرنے کے لئے مشترکہ مشقیں انجام دے رہی ہیں اور دونوں ممالک صورتحال کو ایٹمی جنگ کی جانب لے جا رہے ہیں- اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے نمائندے نے کہا کہ ان کے ملک کے حالیہ میزائل تجربے کا مقصد بھی جارح قوتوں کے مقابلے میں پیونگ یانگ کی دفاعی توانائیوں میں اضافہ کرنا تھا- اس سے پہلے اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نیکی ہیلی نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربے اور بیلسٹک میزائل فائر کئے جانے کے بعد اب امریکا اور اس کے اتحادیوں کی فوجی مشقوں کا وقت آن پہنچا ہے- اس درمیان شمالی کوریا نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے طیارہ بردار بحری بیڑے نے جنوبی کوریا کی فوجوں کے ساتھ مل کر شمالی کوریا کے اقتدار اعلی کو نقصان پہنچانے کی کوشش تو اس کو پیونگ یانگ کے حملے کا سامنا  کرنا پڑے گا- شمالی کوریا کا، جس نے دو ہزار سولہ میں دو ایٹمی دھماکے اور کئی میزائل تجربے کئے ہیں، کہنا ہے کہ امریکا کے یو ایس ایس کارل وینسن بحری بیڑے کی علاقے میں موجودگی، شمالی کوریا پر حملے کے لئے ایک خطرناک سازش ہے- شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بھی اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا کے بحری بیڑے نے جنوبی کوریا کی فوجوں کے ساتھ مل کر شمالی کوریا کو کوئی نقصان  پہنچانے کی کوشش کی تو پیونگ یانگ دشمن کے خلاف زمین  فضا اور  ہرطرف سے بھرپور حملہ کرے گا-

ٹیگس