برطانوی پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والا عادی مجرم : حکومت
برطانیہ میں لوگوں کو ہلاک کرنے والا عادی مجرم ہے۔
لندن میں لوگوں کو ہلاک کرنے والا 52 سالہ خالد مسعود عادی مجرم ہے۔
خالد مسعود برطانیہ کے جنوب مشرقی شہر کینٹ میں پیدا ہوا اور گزشتہ کافی عرصے سے مغربی شہر مڈلینڈ میں قیام پذیر تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم پہلے بھی اسلحہ رکھنے کے جرم میں سزا کاٹ چکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کو پہلی مرتبہ نومبر 1983 میں سزا ہوئی تھی اور آخری مرتبہ 2003 میں اسے چاقو رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن ماضی میں اسے کبھی دہشت گردی کے الزام میں سزا نہیں ہوئی تھی۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے ایوان کو حملے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی 4 ٹیمیں واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں اب تک کی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کی واردات، اس کا انفرادی فعل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال مزید کسی حملے کا خدشہ نہیں تاہم کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور ملک بھر میں گشت بڑھا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز برطانوی پارليمنٹ كے باہر نامعلوم افراد كی فائرنگ كے نتيجے ميں پوليس اہلكار سميت 5 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے تھے۔