Mar ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں اقوام متحدہ کی قرارداد

اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں ایک قرارداد پاس کر کے میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے رکن ملکوں نے جمعے کو ایک قرارداد پاس کر کے روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کرنے والوں کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے انہیں سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے- قرارداد میں ان لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جنھوں نے روہنگیا مسلمانوں کو ایذائیں پہنچائیں اوران کے حقوق پامال کئے ہیں- اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سینتالیس رکن ملکوں نے جمعے کو یورپی یونین کی اس قرارداد کے حق میں مثبت ووٹ دیا جس میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور ایذائیں دینے والوں کے ذمہ داروں کو سزا دینے اور ان کی مذمت کا مطالبہ کیا گیا ہے- قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ میانمار کے صوبہ راخین میں مسلمانوں پر ڈھائے گئے مظالم کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم روانہ کی جائے- میانمار کے صوبہ راخین میں دس لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں جن پر دو ہزار بارہ سے انتہا پسند بودھسٹ اور میانمار کے فوجی مظالم ڈھا رہے ہیں- روہنگیا مسلمانوں پر بودھسٹوں اور میانمار کے فوجیوں کے حملوں میں ہزاروں مسلم جاں بحق اور کئی لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں روہنگیا مسلمان جان بچانے کے لئے سمندر کے راستے سے فرار کرتے وقت ڈوب گئے ہیں- میانمار کی حکومت، روہنگیا مسلمانوں کو شہریت دینے سے انکار کرتی ہے- اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کو دنیا کی سب سے مظلوم اقلیت قرار دیا ہے۔

ٹیگس