Apr ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • امریکی صدر کا شمالی کوریا کے رہنما کو انتباہ

امریکی صدر نے شمالی کوریا کے رہنما کو رویہ درست کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے سنگیں نتائج کی دھمکی دی ہے۔ دوسری جانب شمالی کوریا نے کہا ہے کہ امریکہ نے دنیا کو جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے اور شمالی کوریا بھی امریکہ کے خلاف اپنے طریقے سے حملہ کرنے کے لئے تیار ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کو اپنا رویہ درست کرنا ہوگا۔اس سے پہلے امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے جنوبی کوریا کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ شمالی کوریا کے حوالے سے امریکہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور تمام آپشن بقول ان کے امریکہ کی میز پر ہیں۔شمالی کوریا نے دو روز قبل قومی دن کے موقع پر اپنی فوجی اور میزا‏ئلی طاقت کا بھرپور مظاہر کیا تھا جس میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اون بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شمالی کوریا کے اعلی فوجی عہدیدار چوئے رئیونگ ہائے نے بڑے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ ان کا ملک ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے ساتھ ہی شمالی کوریا کے اعلی سفارت کار کم ان ریونگ نے کہا کہ ان کا ملک امریکی دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر ہر ہفتے کم سے کم ایک میزائل تجربہ انجام دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ امریکہ نے دنیا کو جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے اور ایسے حالات پیدا کردیئے جس میں ایٹمی جنگ کسی بھی وقت چھڑ سکتی ہے۔دوسری جانب جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے نے شمالی کوریا کے ایٹمی معاملے کو سفارت کاری کے ذریعے حل کیے جانے پر زور دیا ہے۔وزیراعظم شنزو ایبے کا کہنا تھا کہ موجودہ حساس صورتحال میں، سفارت کاری کے ذریعے خطے کے امن کو بچانے کی کوشش کی جائے۔ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ جاپان جزیرہ نمائے کوریا میں پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔شمالی کوریا نے خطے میں امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے امریکہ کے خلاف پیشگی حملوں کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کر رکھا ہے۔شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ جب تک امریکہ اور اس کے اتحادی، پیانگ یانگ کے خلاف دھمکیوں کا سلسلہ بند نہیں کردیتے اس وقت تک شمالی کوریا اپنا میزائیل پروگرام جاری رکھے گا۔

ٹیگس