مانچیسٹر دھماکے کی عالمی سطح پرمذمت
عالمی رہنماؤں نے برطانوی شہر مانچیسٹر میں میوزک کنسرٹ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے مانچیسٹر میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے سرحدی علاقے میرجاوہ اور برطانوی شہر مانچیسٹر میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں کی سوچ اور جڑیں ایک ہیں۔.
انہوں نے اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور زخمیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا.
بہرام قاسمی نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ممالک کے اجتماعی تعاون اور مشترکہ عزم کے ذریعے سے انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے.
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ نام نہاد اتحادوں کی تشکیل اور دہشتگردی کی وجوہات کی غلط نشان دہی کرنے سے یہ برائی دنیا میں مزید پھیلتی جا رہی ہے.
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے مانچیسٹر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کی پُرزور مذمت کی ہے۔
سنگاپور کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے جاری کردہ بیان میں مانچیسٹر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ افراد سے تعزیت کی ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بال نے اسے بدترین حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں نوجوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ان کے شہری مانچیسٹر حملے پر شدید صدمے کا شکار ہیں۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے مانچسٹر دھماکے کو ہولناک دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اپنی انتخابی مہم معطل کر دی ۔
واضح رہے کہ کل رات مانچیسٹر میں ایک میوزک کنسرٹ کے دوران خودکش دھماکے میں 22 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔