سری لنکا، طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے 200 جاں بحق
طوفانی بارشوں اور تودے گرنے سے تباہ کاری کے بعد سری لنکا میں غیر ملکی امداد پہنچنا شروع ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سری لنکا میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 202 سے زائد ہوگئی جبکہ 96 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
سری لنکا کے وزیر خارجہ روی کَرونا نائکے کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے متاثر ہونے والے 6 لاکھ سے زائد افراد کے لیے 16 ممالک کی جانب سے کھانے پینے سمیت بنیادی اشیا اور دوائیں فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی دیگر ممالک اور تنظیمیں بھی امداد کی فراہمی کے لیے ہم سے رابطہ کرکے فوری ضرورت کی اشیا سے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔
روی کَرونا نائکے نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان نے بھی اپنی طبی ٹیمیں طوفان سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں بھیجی ہیں۔
واضح رہے کہ مئی 2003 میں بھی سری لنکا میں شدید مون سون بارشوں کے باعث اسی طرح کے آنے والے طوفان کے نتیجے میں تقریباً 250 افراد جاں بحق اور 10 ہزار گھر تباہ ہوگئے تھے۔