حماس کو دہشت گرد قرار دیا جائے، امریکہ کا سلامتی کونسل سے مطالبہ
امریکہ نے ایک بار پھر اسرائیل کی کھلی حمایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے حماس کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران اسرائیل کے تمام تر مجرمانہ اور غیر انسانی اقدامات کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو اپنی تمام قراردادوں اور بیانات میں حماس کی مذمت کرنا چاہیے۔
نکی ہیلی نے بڑی ڈھٹائی کے ساتھ کہا کہ سلامتی کونسل ایک مناسب فیصلے کے ذریعے حماس کو دہشت گرد قرار دے اور اس کے حامیوں کا چہرہ بھی بے نقاب کرے۔
سلامتی کونسل میں امریکی نمائندہ کے بیان سے پہلے مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نکولائی ملادی نوف نے فلسطینی علاقوں میں نئی صیہونی بستیوں کی تعمیر پر سخت تشویش کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اکیس مئی کو اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر انتہائی مضحکہ خیز بیان دیتے ہوئے حزب اللہ لبنان اور فلسطینی تحریک حماس پر دہشت گردی کا الزام عائد کیا تھا۔
اسرائیل، ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا سب سے طاقتور حامی امریکی صدر قرار دیتا ہے۔