Jul ۱۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • امریکا کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی معاہدے کی مخالفت

امریکہ نے جی 20 اجلاس میں ماحولیاتی آلودگی معاہدے کی مخالفت کی۔

جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں جی 20 سربراہی اجلاس کے شرکا کی جانب سے عالمی دہشت گردی کے خاتمے اور فنڈنگ روکنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ امریکا ماحولیاتی آلودگی کے پیرس معاہدے کے خلاف ہی رہا۔ جی 20 سمٹ کے آخری روز کسی متفقہ اعلامیے کیلئے عالمی رہنماؤں میں کوششیں جاری رہیں، اس موقع پر دنیا کی بڑی اقتصادی مملکتوں کے سربراہان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کلائیمٹ پالیسی پر متفق نہ ہوئے اور اس طرح ایک غیر معمولی اعلامیے پر اتفاق نہ ہو سکا جس کے پس منظر میں کثیر جہتی تعاون ممکن نہ ہو پایا اس لئے کہ امریکی صدرٹرمپ اپنے انتخابی نعرے ’’امریکا سب سے پہلے‘‘ پر ڈٹے رہے۔

قبل ازیں سربراہ اجلاس کے پہلے روز ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں رکن ممالک نے عالمی دہشت گردی کے خاتمے اور اس کی فنڈنگ روکنے کیلئے اقدامات پراتفاق کیا۔ دریں اثنا شہر ہیمبرگ میں عالمگیریت اور امریکی صدر کی موجودگی کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ اور شدید احتجاج کیا مشتعل مظاہرین نے پولیس کی کئی گاڑیاں نذر آتش کر دیں، پولیس نے عوام پر شدید آنسو گیس، واٹر کینن  کا استعمال اور لاٹھی چارج کیا جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جرمنی آمد پر مقامی مسلم کمیونٹی سمیت تارکین وطن نے ہزاروں کی تعداد میں امریکی صدر کے خلاف نعرے بازی کی اور ٹرمپ کی مہاجروں کے خلاف پالیسیاں نافذ کرنے پر جرمنی میں مقیم تارکین نے احتجاج کیا، جمعہ کے روز بھی عالمگیریت کے خلاف پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں 200 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ 83 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

ٹیگس