چین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے تعاون کی پیش کش کر دی
چین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ، پاک - ہند تعلقات کی بہتری کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی برادری کی بہت زیادہ توجہ حاصل ہو رہی ہے جبکہ پاکستان اور ہندوستان دونوں جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان ایل او سی پر کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے کہا کہ کشمیر میں ایل او سی پر تنازع سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچے گا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام میں اضافے اور کشیدگی سے گریز کے لیے مزید اقدامات کرسکتے ہیں اور بیجنگ دونوں ممالک میں تعلقات کی بہتری کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔