تیزاب پھینکنے کے خلاف دستخطی مہم تیز
لندن میں تیزاب پاشی کے پانچ واقعات سامنے آنے کے بعد اسے روکنے کے مطالبات بڑھتے جا رہے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق لندن میں تیزاب پھینکنے کے واقعات بڑھنے کے باعث برطانوی شہریوں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
برطانوی عوام نے ایک طومار پر دستخط کر کے خطرناک ایسڈ کی خرید و فروخت کے لئے سخت قوانین وضع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لندن کے مختلف علاقوں میں تیزاب پھینکنے کے مسلسل پانچ واقعات سامنے آنے کے بعد جمعے تک اس طرح کے واقعات کوروکنے کے لئے طومار پر دستخط کرنے والوں کی تعداد تین سو بہتر سے تجاوز کر گئی ہے۔ جمعرات کی رات مشرقی لندن کے مختلف علاقوں میں صرف ڈیڑھ میٹر کے فاصلے پر تیزاب پھینکنے کے پانچ واقعات سامنے آئے جس کے باعث اس طرح کے حملے کے سلسلے میں لوگوں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
لندن پولیس نے اعلان کیا ہے کہ تیزاب پھینکنے والوں کا مقصد چوری کرنا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے عناصر کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔