روس نے امریکی سفارت کاروں کو نکالنے کی دھمکی دے دی
روسی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ نے نئی پابندیوں پر دستخط کیے تو، ماسکو بھی فوری جوابی اقدامات انجام دے گا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق روسی وزرات خارجہ کے ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ پابندیوں کے بل پر صدر ٹرمپ کے دستخط کی صورت میں، پینتس امریکی سفارت کاروں کو فوری طور پر روس سے نکال دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ روسی وزرات خارجہ بھی امریکی پابندیوں کے جواب میں امریکہ کے خلاف پابندیاں عائد کرے گی۔
مذکورہ روسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ماسکو میں امریکی سفارتی کمپلکس کو بھی ضبط کرلیا جائےگا کیوں روس کے خلاف نئی پابندیوں کے نتیجے میں، واشنگٹن میں روس کی سفارتی املاک کی واپسی ناممکن ہوجائے گی جنہیں حکومت امریکہ نے ضبط کرلیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق روس جوابی اقدام کے طور پر امریکہ کے خلاف بعض اقتصادی پابندیاں بھی عائد کرسکتا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان نے منگل کے روز ایران، روس اور شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کے جامع بل کی منظوری دی ہے۔
ماسکو پہلے ہی امریکی پابندیوں کا ترکی بہ ترکی جواب دینے کا اعلان کر چکا ہے۔