Jul ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کے خلاف روس کی جوابی کارروائی

ماسکو نے امریکی پابندیوں کا جواب دیتے ہوئے روس میں امریکی سفارتکاروں کی تعداد کم کرنے اور بعض سفارتی املاک کو ضبط کرنے کا اعلان کیا ہے۔

روس کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ امریکہ سے کہا جا چکا ہے کہ وہ آئندہ ستمبر کے مہینے سے روس میں اپنے سفارتکاروں کی تعداد کم  اور سینٹ پیٹرزبرگ ، یکا ٹرنبرگ اور ولادی وسٹوک شہروں میں اپنے قونصلخانوں کے عملے کی تعداد امریکہ میں روسی سفارتی مراکز کے کارکنوں کے برابر کرتے ہوئے ان کی تعداد چار سو پچپن افراد تک کم کر دے۔
اس بیان کے مطابق حکومت روس، پہلی اگست سے سربیرنی بور علاقے میں امریکہ کے بنگلوں اور ماسکو کے ڈاروجنی روڈ پر اس کے سفارتی گوداموں کو بند کر دے گی۔
روس کی وزارت خارجہ کے بیان میں امریکی سینیٹ میں روس مخالف نئی پابندیوں کی منظوری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس بل کی منظوری سے بین الاقوامی امور میں امریکہ کا سخت دشمنانہ رویہ ثابت ہوگیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان نے پچیس جولائی کو ایران، روس اور شمالی کوریا کے خلاف پابندی کا بل منظور کیا ہے۔اس بل کی حمایت میں چارسوانیس اور مخالفت میں صرف تین ووٹ پڑے۔

ٹیگس