وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن عہدے سے برطرف
وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینتھونی اسکارموچی کو 10 روز بعد ہی ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حال ہی میں وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے والے جان کیلے نے آتے ہی بڑے پیمانے پر تبدیلی کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینتھونی اسکارموچی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جان کیلے نے وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اسکارموچی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اینتھونی اسکارموچی نے وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف رینس پری بس کو ذہنی بیماری میں مبتلا پاگل شخص قرار دیتے ہوئے ان پر صحافیوں کو معلومات افشا کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔ جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی روز ایکشن لیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا اعلان کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری شون اسپائسر نے بھی چند روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسکار موچی کو ڈائریکٹر کمیونیکیشن وائٹ ہاؤس تعینات کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
امریکی اخبار نیو یارک کے مطابق اسکار موچی کی معطلی میں ابھی تک یہ واضح نہیں کہ وہ وائٹ ہاﺅس میں کسی عہدے پر تعینات ہوں گے یانہیں۔
جب سے ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر بنے ہیں اس کے بعد سے ان کے کئی فیصلوں کے خلاف نہ فقط امریکہ بلکہ پوری دنیا میں مظاہرے ہوئے اور کئی فیصلے تو انہوں نے واپس لے لئے۔