فوجی نقل و حرکت میں اضافے پر روس کا امریکہ کو انتباہ
روسی سینیٹ نے یوکرین میں امریکہ کی فوجی نقل و حرکت میں اضافے کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔
روسی سینیٹ کے رکن ایگور موروزوف نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر امریکہ نے یوکرین میں اپنی فوجی نقل و حرکت اور فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کیا تو روس بھی اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے لازمی تدابیر اختیار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ یوکرین میں اپنی فوجی نقل و حرکت میں اضافے کا ارادہ رکھتا ہے جو ہماری قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔امریکی وزیر جنگ جیمز میٹس نے جمعرات کے روز یوکرین کے دارالحکومت کیف میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ یوکرین کے ساتھ اپنے اسٹریٹیجک تعلقات کی سطح کو اوپر لے جانا چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی فوج کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کرنے کے معاملہ پر بھی دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔اس سے پہلے یوکرین کے صدر پیٹرو پروشنکوف نے کہا کہ تھا کہ انہوں نے امریکی وزیر دفاع کے ساتھ ملاقات میں فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی ہے۔روسی سینیٹ کے رکن نے واضح کیا کہ امریکی حکام کے بیانات سے لگتا ہے کہ امریکہ کو مشرقی یوکرین کا بحران حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ وہ اس معاملے کو روس کے خلاف دباؤ کے ایک حربے کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے-