پاکستان اور امریکہ کے اختلافات، امریکی نائب وزیر خارجہ کا دورہ ملتوی
پاکستان اور امریکہ کے مابین پائے جانے والے اختلافات کی وجہ سے امریکی نائب وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان ملتوی ہو گيا ہے۔
امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز آج پاکستان کے دورے پر پہنچ رہی تھیں تاہم اب امریکی نائب وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان التوا کا شکار ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی اعلیٰ حکام نے مصروفیات کا بہانہ بنا دیا جس کے باعث امریکی نائب وزیر خارجہ نے اپنا دورہ ملتوی کیا۔ امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ایلس ویلز اب رواں ہفتے کے کسی دن پاکستان کا دورہ کریں گی۔
ترجمان امریکی سفارت خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ ایلس ویلز رواں ہفتے میں پاکستان کا دورہ کریں گی جس میں وہ اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گی، ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ معمول کے دورہ پر پاکستان آئیں گی۔
واضح رہے کہ ایلس ویلز کا اس ماہ میں یہ دوسرا دورہ پاکستان ہے جب کہ دورہ پاکستان کے بعد وہ بنگلہ دیش اور سری لنکا بھی جائیں گی۔