Aug ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  • امریکہ میں طوفان 5 لاکھ افراد متاثر ،30 ہلاک

امریکی ریاست ٹیکساس کی انتظامیہ کے مطابق سمندری طوفان ہاروی سے متاثرہ 5 لاکھ افراد مدد کے طلب گار ہیں جبکہ تقریباً 30 ہزار افراد کو عارضی پناہ گاہیں درکار ہیں تاہم ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ایسا طوفان کبھی نہیں آیا، اس سمندری طوفان کے بعد سے پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے جس کے بعد ’تباہ کن سیلاب‘ کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، ہوسٹن سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کارروائی کر کے اب تک 2 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

ادھر حکام کے مطابق سیلاب سے متاثرہ 5 لاکھ افراد کی ٹیکساس میں امداد کی جا رہی ہے، جبکہ 30 ہزار افراد کو ہنگامی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

طوفان سے دو بڑی آئل ریفائنریوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، طوفانی بارشوں کے بعد ٹیکساس کے کئی علاقوں میں پیٹرولیم مصنوعات اور کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہوگئی، طوفان اور بارشوں کے بعد اب تک نقصانات کا تخمینہ 52 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طوفان سے متاثر ریاست ٹیکساس کا دورہ کیا۔ ہیوسٹن میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ہیرس کائونٹی ہے جہاں تقریبا 18ہزار اسکوائر فٹ کے رقبہ پر پانی کھڑا ہے اور یہ پانی 49/50 انچ تک اونچا ہے۔

یہ امریکا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ شہری علاقوں میں سیلابی پانی جس کی اونچائی 4فٹ سے زیادہ ہے، پانی کی سطح میں کمی واقع نہیں ہو رہی اور شہری علاقوں میں اب تک کھڑا ہوا ہے۔

ہیوسٹن اور گرد ونواح میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر آنے والی خبروں میں تباہیوں کا سلسلہ مزید بڑھتا ہی جا رہا ہے، یہ اضافہ جو گزشتہ جمعہ کے روز شروع ہوا تھا اس کی شدت میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے،مقامی افراد کا کہنا ہے جو کچھ ہوا یہ سب کچھ ان کی توقعات کے برعکس ہے۔

دوسری جانب اسپتالوں میں بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے کئی درجن اسپتال بھی سیلاب کے باعث زیر آب آ گئے ہیں اور تقریبا 17000مریضوں کو دیگراسپتالوں اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

ہیوسٹن میں اب تک روڈ راستے بند ہیں اور عوام نقل و حرکت کیلئے انتہائی پریشان حال ہیں، خوراک اور پینے کے پانی کی سپلائی بند ہونے کے سبب کئی افراد مہنگے داموں اشیاء خورد و نوش فروخت کر رہے ہیں جبکہ فوڈ اسٹورز پر بھی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں تاکہ لوگ اپنے اہل خانہ کے لئے اشیاء خورد و نوش حاصل کر سکیں۔

ٹیگس