Sep ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم تیار کرلیا

شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے متعلقہ اداروں کو ہائیڈروجن کے تجربے کا حکم دے دیا ہے۔ دوسری جانب جاپان اور جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے ایٹم بم کا ایک اور تجربہ کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے اتوار کے روز ہائیڈورجن بم کے تجربے کا حکم دے دیا ہے۔ شمالی کوریا نے یہ بم بین البرا‏عظمی بیلسٹک میزائلوں پر نصب کرنے کی غرض سے ڈیزائن کیا ہے۔اس سے پہلے ہفتے کے روز شمالی کوریا نے اعلان کیا تھا کہ اس نے بے تحاشا تباہی پھیلانے والا ہائیڈروجن بم تیار کرلیا ہے۔سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے ہائیڈورجن بم کے معائنے کے موقع پر کہا کہ یہ بم انتہائی تباہ کن اور اسے بین البراعظمی میزائلوں پر نصب کیا جائے گا۔شمالی کوریا نے ایک انتہائی تباہ کن ایٹم بم تیار کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔دوسری جانب چین کے زلزلہ پیما مرکز نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا میں دو زلزے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں سے پہلے زلزلے کی شدت چار اعشاریہ چھے ریکارڈ کی گئی ہے۔چین کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق مذکورہ زلزلے کے محض آٹھ منٹ کے بعد چھے آعشاریہ تین شدت کا ایک اور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جس کا مرکز زمین کی بہت کم گہرائی میں تھا اور ممکنہ طور پر یہ زلزلے کسی دھماکے کا نتیجہ ہوسکتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز اس مقام سے بہت قریب واقع ہے جہاں عام طور پر شمالی کوریا نے اپنے ایٹمی تجربات کیے ہیں۔درایں اثنا جاپان نے بھی کہا ہے کہ شمالی کوریا میں زلزلے کے دو جھٹکوں کے تناظر میں کہا جاسکتا ہے کہ اس نے ایک بار پھر کوئی ایٹمی تجربہ کیا ہے۔جاپان کے وزیر خارجہ تارو کانو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا میں ریکارڈ کیے جانے والے زلزلے کے جھٹکے ایٹمی تجربات کا نتیجہ ہیں اور جاپان اس معاملے پر شمالی کوریا سے باضابطہ احتجاج کرے گا۔جنوبی کوریا نے بھی اتوار کے روز دعوی کیا ہے کہ شمالی کوریا نے چھٹا ایٹمی تجربہ کا ہے۔شمالی کوریا کا کہنا ہے جب تک امریکہ اور اس کے اتحادی پیانگ یانگ کے خلاف مخاصمانہ پالیسیاں ترک نہیں کردیتے اس وقت تک وہ اپنی فوجی اور دفاعی طاقت میں اضافہ کرتا رہے گاامریکی صدر کے جنگ پسندانہ بیانات کے بعد امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے آٹھ اگست کو شمالی کوریا کے خلاف فوجی آپشن کے استعمال کی دھمکی بھی دی تھی۔

ٹیگس