Sep ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۳ Asia/Tehran
  • کینیا: لڑکیوں کے اسکول میں آگ 19 طالبات جاں بحق وزخمی

کینیا کے دارالحکومت میں لڑکیوں کے اسکول میں آگ لگا دی گئی جس کے نتیجے میں 9 طالبات ہلاک اور 10 زخمی ہو گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیا کے وزیر تعلیم فرید ماتیانگی کا کہنا ہے کہ اسکول میں آگ لگنے کا واقعہ کوئی حادثہ نہیں تھا بلکہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی تھی جس کی وجہ اسکول میں تقرریوں کے معاملے پر ہونے والا جھگڑا ہے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ آتش زنی کا واقعہ صرف نیروبی میں نہیں بلکہ کینیا کی متعدد ریاستوں میں پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں عہدوں کے حصول کے لیے سیاست درست نہیں، اسکول کے سربراہ کی تقرری کے معاملے کو اسکولوں کو نذرآتش کر کے حل نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی کینیا میں 120 سے زائد اسکولوں کو نذر آتش کر دیا گیا تھا تاہم اس کے ذمہ داران کے خلاف موثر کارروائیاں تاحال عمل میں نہیں لائی جا سکی ہیں۔

کینیا مشرقی افریقا کا بڑا ملک ہے تاہم بے روزگاری اور کرپشن کی وجہ سے یہاں عام شہریوں کے لیے حالات زندگی انتہائی مشکل ہیں۔

 

ٹیگس