Sep ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۱:۴۹ Asia/Tehran
  • شام امن مذاکرات کا چھٹا دور

روس نے کہا ہے کہ شام امن مذاکرات کا چھٹا دور 13 ستمبر کو ہوگا۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے گزشتہ روز اپنے فرانسیسی ہم منصب جین یوس لی ڈرائن کے ساتھ ماسکو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آستانہ عمل سے منسلک شام امن مذاکرات کے چھٹے دور کا انعقاد 13 ستمبر کو قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں کیا جائے گا.

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شامی بحران کے سفارتی حل اور دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے حوالے سے روس اور فرانس مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو اور پیرس کی خواہش ہے کہ شام کے بحران کا حل آستانہ اور جنیوا عمل کے ذریعے نکالا جائے.

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ آستانہ میں 13 سے 15 ستمبر تک شام امن مذاکرات کے چھٹے دور کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شامی علاقے ادلیب میں امن زون کے قیام پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی.

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور ترکی کے مشترکہ تعاون سے آستانہ عمل کی شکل میں گزشتہ سال سے شامی امن مذاکرات کا آغاز ہوا ہے.

ایران، روس اور ترکی کی مشترکہ حکمت عملی کے تناظر میں شام امن مذاکرات کے پانچ دور منعقد کئے جاچکے ہیں جس میں اس عمل کے تین بانی ممالک کے علاوہ شامی حکومت اور مخالفین کے نمائندے اور اقوام متحدہ کے ایلچی شریک تھے.

 

ٹیگس