شمالی کوریا کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرانے کی امریکی کوشش
اقوام متحدہ میں امریکا کی سفارتی ٹیم نے سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ وہ گیارہ ستمبرکواس مسودہ قرارداد کے بارے میں جس میں شمالی کوریا کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کی بات کی گئی ہے ووٹنگ کرائے- دوسری جانب روسی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ پیونگ یانگ کے ساتھ مذاکرات کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے-
شمالی کوریا کے خلاف مزید پابندیوں کے مسودے میں شمالی کوریا پر پٹرولیم کے معاملات کی پابندی ، ٹیکسٹائل کی صنعتوں کی پیداوار کی درآمدات پر روک - شمالی کوریا کے رہنما کے اثاثوں کو منجمد کردینے، دیگر ملکوں میں روزگار میں مصروف شمالی کوریا کے محنت کشوں کو ان کے ملک واپس بھیج دینے اور ضرورت کے وقت بین الاقوامی سمندروں میں شمالی کوریا کے جہازوں کی زبردستی تلاشی کی تجویز پیش کی گئی ہے - سفارتی ذرائع کے مطابق گذشتہ جمعے کو سلامتی کونسل کے پندرہ رکن ملکوں کے ماہرین کے اجلاس میں روس اور چین نے ٹیکسٹائل کی صنعتوں کی درآمدات پر پابندی کو چھوڑ کر دیگر سبھی تجاویز کی مخالفت کی تھی - امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی وائٹ ہاؤس کی جنگ پسندانہ پالیسیوں اور اقدامات کے باعث بڑھتی جا رہی ہے- پیونگ یانگ نے بارہا کہا ہےکہ جب تک امریکا اور اس کے اتحادی ممالک شمالی کوریا کو دھمکیاں دیتے اور اس کے لئے خطرہ پیدا کرتےرہیں گے وہ بھی اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافہ جاری رکھے گا- دریں اثنا روسی وزیرخارجہ نے اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف اقوام متحدہ کی ممکنہ پابندیوں کے بارے میں ابھی سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اور پیونگ یانگ کےساتھ مذاکرات کے علاوہ اور کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے- روسی وزیرخارجہ نے ماسکو میں فرانس کے وزیرخارجہ کے ساتھ مشترکہ پرس کانفرنس میں کہا کہ اس وقت سلامتی کونسل شمالی کوریا کے خلاف نئی قرارداد لانے کے بارے میں کام کررہی ہے اور ابھی اس سلسلے میں کچھ کہنا جلد بازی ہے - سلامتی کونسل کے رکن ممالک منجملہ روس اور فرانس جن کے پاس ویٹو پاور ہے آئندہ پیر کو شمالی کوریا کے خلاف بین الاقوامی پابندیوں کے بارے میں پیش کئے گئے مسودہ قرارداد پر ووٹنگ کریں گے - یہ مسودہ قرارداد امریکا نے پیش کیا ہے اور فرانس نے اس کی حمایت کی ہے تاہم روس اور چین کا موقف کیا ہوگا یہ پیر کو ووٹنگ کے دوران ہی معلوم ہوسکے گا -