شمالی کوریا کی امریکہ پر کڑی تنقید
شمالی کوریا نے اپنے میزائل تجربات پر امریکی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی سینٹرل نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نکی ہیلی سیاست سے ناواقف ہیں جو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ہم پر پابندیاں عائد کرنے اور دباؤ بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
شمالی کوریا نے خبردار کیا کہ نکی ہیلی اپنی زبان کو قابو میں رکھیں ورنہ امریکی انتظامیہ کو ان کی بے وقوفی اور زبان درازی کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سلامتی کونسل کے اجلاس میں نکی ہیلی نے شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے ہائیڈروجن بم کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا جنگ پر آمادہ نظرآ رہا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا تھا کہ شمالی کوریا پر سخت ترین پابندیاں عائد کی جائیں۔
گزشتہ ہفتے شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا تھا جو ایٹم بم سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے۔ شمالی کوریا اس سے قبل بھی متعدد تجربات کر چکا ہے اور گزشتہ ماہ سیکیورٹی کونسل نے شمالی کوریا پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں جس سے اس کی معیشت کو ایک ارب ڈالر تک کا نقصان ہونے کا امکان تھا تاہم اس کے باوجود شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرلیا۔