امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے7 افراد ہلاک
امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے ایک واقعے میں سات افراد مارے گئے ہیں۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں7 افراد ہلاک ہوگئے، فائرنگ سے 2افراد زخمی بھی ہوئے، پولیس کی کارروائی میں مشتبہ حملہ آور مارا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی، جب پولیس اہلکار گھر کے اندر داخل ہوا تو مشتبہ شخص نےاس پر بھی فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں ملزم ماراگیا۔
فوری طور پر ملزم اور مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ فائرنگ کے اعداد و شمار جمع کرنے والے غیر سرکاری مرکز کے مطابق، ملک کی مختلف ریاستوں میں پچھلے چھتیس گھنٹے کے دوران فائرنگ کے تینتالیس واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
مذکورہ امریکی مرکز کے مطابق فائرنگ کے سب سے زیادہ واقعات انڈیانا، شمالی کیرولائنا، مشی گن ایلی نوائے اور جارجیا میں پیش آئے۔ فائرنگ کے ان واقعات میں کم سے کم 17 افراد ہلاک اور اکتیس زخمی ہوئے ہیں۔