Sep ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے خلاف مزید پابندیوں کا بل منظور

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے شمالی کوریاکے خلاف امریکا کے ذریعے پیش کئے گئے مسودہ قرارداد پر بحث و مباحثے کے بعد متفقہ طور پر پیونگ یانگ پر پابندیاں مزید سخت کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے

شمالی کوریا کے میزائلی تجربات اور ایٹمی پروگراموں کی تقویت کے معاملے پر پیونگ یانگ کے خلاف پابندیاں سخت کئے جانے پر مبنی مسودہ قرارداد پر سلامتی کونسل میں ووٹنگ کے  بعد اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت اور سفارتکاری کی جانی چاہئے - روسی نمائندے نے خبردار کیا کہ اگر شمالی کوریا کے ساتھ بات چیت اور سفارتکاری نہ کی گئی تو اس مسئلے پر سلامتی کونسل میں پایا جانے والا اتفاق رائے خطرے میں پڑ سکتا ہے- روس کا کہنا ہے کہ جزیرہ نمائے کوریا کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سفارتکاری اور کشیدگی کو مرحلہ وار کم کرنے کا راستہ ہی ایک واحد راستہ ہے- چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوان نے بھی کہاہے کہ  شمالی کوریا کے حالیہ ایٹمی تجربات کے ردعمل میں سلامتی کونسل نے جو نئی تدابیر اختیار کی ہیں بیجنگ ان کا خیر مقدم کرتا ہے - اقوام متحدہ میں امریکا کی مندوب نکی ہیلی نے شمالی کوریا کے خلاف سلامتی کونسل کی نئی قرارداد کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرپیونگ یانگ نے ایٹمی مسئلے کو ختم نہیں کیا تو اس صورت میں عالمی برادری عملی اقدام کرے گی  - ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر معمولی پابندیوں کی منظوری دنیا کے لئے ایک موقع ہے کہ وہ پیونگ یانگ کو اس قسم کے اقدامات جاری رکھنے سے باز رکھے - امریکی مندوب نے ساتھ ہی یہ بھی دعوی کیا کہ امریکا شمالی کوریا کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا اور امریکا ابھی اس جگہ پر نہیں پہنچا ہے جہاں سے واپسی کی راہیں ختم ہوجاتی ہیں بنابریں سب کچھ شمالی کوریا کے رہنماؤں کے ہاتھ میں ہے کہ وہ کون سا راستہ اختیار کریں -اقوام متحدہ میں برطانیہ کے نمائندے نے بھی کہا کہ شمالی کوریا کے خلاف غیر معمولی اور انتہائی سنگین پابندیاں عائد کی گئی ہیں - ان پابندیوں کے تحت شمالی کوریا میں تیل اور پٹرولیم کی مصنوعات درآمد نہیں کی جاسکیں گی اور ساتھ ہی شمالی کوریا اپنی ٹیکسٹائل کی مصنوعات کو بھی برآمد نہیں کرسکے گا - اقوام متحدہ میں اٹلی کے مندوب نے بھی اس قرارداد کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مذکورہ قرارداد کی منظوری کے وقت کو بہت ہی اہم اور حساس قراردیا اور سبھی پندرہ ارکان کی جانب سے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دئے جانے کی  تعریف کی- اطالوی مندوب نے ساتھ ہی شمالی کوریا کے باشندوں پران پابندیوں کے پڑنے والے منفی اثرات پرتشویش کا اظہارکیا اورکہا کہ شمالی کوریا کےعوام پر ان پابندیوں کے پڑنے والے منفی اثرات کا سد باب بھی کرنا چاہئے - جنوبی کوریا کے نمائندے نے بھی سلامتی کونسل کے اجلاس کے اختتام پراس قرار داد کی منطوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس قرارداد کے حق میں ووٹ دینے پر ہم روس اور چین کا خاص طورپر شکریہ ادا کرتے ہیں -

 

ٹیگس