Sep ۱۴, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • امریکی اسکول میں فائرنگ متعدد طلباء ہلاک و زخمی

امریکی ریاست واشنگٹن کے علاقے اسپوکین کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست واشنگٹن کے علاقے اسپوکین میں فری مین ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک ہوگیا جب کہ واقعے میں متعدد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کے مطابق اسکول میں فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے کے دیگر اسکولوں کو احتیاطاً بند کردیا گیا ہے اور دیگر افراد کو اس طرف آنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں روزانہ دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوجاتے ہیں لیکن اس کے باوجود اسلحہ ساز کمپنیوں کی مضبوط لابی کی بنا پر اب تک ہتھیار رکھنے اور اس کی خرید و فروخت کے لئے سخت قانون وضع نہیں کیے جاسکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں آبادی کے لحاظ سے ہلکے ہتھیاروں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں ہرایک سو میں سے نوے افراد کے پاس رائفل یا بندوق موجود ہے۔

 

ٹیگس