جنوبی کوریا کا میزائلی تجربہ
جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے نئے میزائلی تجربے کے کچہ ہی گھنٹے بعد ہیونمو دو بیلسٹک میزائل فائر کر دیا- در ایں اثنا جنوبی کوریا کے صدر نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنی سرزمین پر امریکہ کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعیناتی کا مخالف ہے
جنوبی کوریا کے چیف آف آرمی اسٹاف نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے ملک نے شمالی کوریا کے نئے میزائلی تجربے کےفورا بعد جاپان کے سمندروں کی جانب ہیونمو دو بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے- شمالی کوریا نے جمعے کی صبح پیونگ یانگ کے علاقے سونان سے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والا ایک بیلسٹک میزائل جاپان کی جانب فائر کیا ہے- جنوبی کوریا کے چیف آف آرمی اسٹاف نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ یہ میزائل جمعے کو صبح سویرے پیویانگ کے قریب سونان علاقے سے فائر کیا گیا ہے کہا کہ فائر کیے جانے والے میزائل نے جاپان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے- جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے بھی جمعے کو ایک بیان میں شمالی کوریا کے نئے میزائلی تجربے کی مذمت کی اور اسے عالمی امن و صلح کے لئے خطرہ قرار دیا- جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی کوریا، شمالی کوریا کا جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھائے گا- حکومت جاپان نے شمالی کوریا کے اس میزائلی تجربے کے بعد ٹیلی ویژن اور موبائل پر ایک فوری پیغام جاری کر کے عوام سے فورا پناہ گاہوں میں چلے جانے کی اپیل کی - ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ شمالی کوریا نے کس نوعیت کے میزائل کا تجربہ کیا ہے تاہم مغربی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ ممکن ہے نیا میزائل بھی انتیس اگست کو شمالی جاپان کے اوپر سے عبور کرنے والے میزائل کی طرح ہی بین البراعظمی میزائل ہو- پیونگ یانگ نے بارہا تاکید کی ہے کہ جب تک واشنگٹن اور اس کے اتحادی شمالی کوریا کے لئے خطرہ بنے رہیں گے اس وقت تک شمالی کوریا بھی اپنی فوجی طاقت اور پیشگی حملے کی صلاحیت بڑھاتا رہے گا- درایں اثنا جنوبی کوریا کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک جنوبی کوریا میں امریکہ کے ایٹمی ہتھیاروں کی تنصیب کا مخالف ہے- جنوبی کوریا کے صدر مون جائہ این نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریاکو پیونگ یانگ کے ایٹمی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے جنوبی کوریا میں امریکہ کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعیناتی کی ضرورت نہیں ہے- جنوبی کوریا کے صدر نے اس کے ساتھ ہی کہا ہے کہ سیئول کو شمالی کوریا کی ایٹمی اور میزائلی پیشرفت کے مقابلے میں اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانا چاہئے- اس سے قبل جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے تجویز دی تھی کہ اس ملک میں امریکہ کے ٹیکٹیکی ایٹمی ہتھیار تعینات کئے جائیں -