ٹرمپ کے بیان پر برطانوی حکام کا رد عمل
لندن ٹرین میں دھماکے پر ٹرمپ کے بیان پر برطانوی حکام نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدرٹرمپ کے بیان پر برطانوی وزیراعظم ٹریسامے نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدرٹرمپ لندن ٹرین حملے سے متعلق قیاس آرائی نہ کریں ۔
برطانوی وزیراعظم ٹریسامے نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتےہوئے کہا کہ اس طرح کی قیاس آرائی دھماکے کی تحقیقات میں مددگارنہیں ہوگی،پولیس اورسکیورٹی سروسز دھماکے کے ملزمان کی شناخت کے لئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔
اسکاٹ لینڈیارڈ نے بھی امریکی صدرکا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے اسے خالصتاً قیاس آرائی قرار دیا،ترجمان اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ امریکی صدرنے اسکاٹ لینڈیارڈ پرجارحانہ الزام عائد کیا ہے.
قابل ذکر ہے امریکی صدرکا کہنا تھا کہ لندن ٹرین حملے کے ملزمان اسکاٹ لینڈ یارڈ کی نظر میں تھے۔
واضح رہے کہ لندن کے مغربی علاقے پارسن گرین کے انڈر گراؤنڈ میٹرو ریلوے اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور اسٹیشن کو گھیرے میں لے کر ٹرین سروس معطل کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی جب کہ ایمبولینسز کے ذریعے زخمی ہونے والے افراد کو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ پولیس نےاسٹیشن کو گھیرے میں لے کر ٹرین سروس معطل کردی .
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا ایک مسافر کے بیگ کے پھٹنے سے ہوا اور دھماکا ہوتے ہی بھگڈر مچ گئی جس کے باعث 18 افراد زخمی ہوئے تاہم کسی بھی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔